ذات اورمذہب کے نام پراپوزیشن کونشانہ بنانے والی بی جے پی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کاذات کارڈ
الہ آباد 4مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ایک طرف ذات اورمذہب کے نام پراپوزیشن کونشانے پربی جے پی لیاکرتی ہے۔ساتھ ہی الیکشن میں مذہب وذات کے نام پرووٹ مانگنے پرتنبیہات بھی آتی ہیں لیکن دوسری طرف اتر پردیش کے پھول پور اور گورکھپور میں 11 مارچ کو ہونے والے لوک سبھا ضمنی انتخاب کے لیے بی جے پی نے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ ان انتخابات میں راست طور پر صوبے کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ساکھ داؤ پر لگی ہے۔ الہ آباد میں ایک انتخابی ریلی کے دوران یوگی نے ایس پی اور بی ایس پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی نے ایک دلت کو صدر بنانے کا کام کیا ہے۔ واضح ہو کہ یوگی نے ہولی پر مسلم سماج کے باہمی تعاون کی بھی ستائش کی ۔پھول پور لوک سبھا حلقہ کے پریتم نگر میں بی جے پی امیدوار کی حمایت میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ اس ملک کے اندر کوئی دلت بھی صدر بن سکتا ہے یہ کام وزیر اعظم مودی نے کیا۔ بی ایس پی اور ایس پی نے نہیں کیا ۔ سی ایم یوگی نے اس دوران ہولی کا تہوار پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہونے پر سبھوں کا شکریہ ا داکرتے ہوئے بزعم خویش کہا کہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران ریاست میں ایک بھی فساد نہیں ہوا ہے ،واضح ہو کہ کاس گنج میں 26جنوری کو یوم جمہوریہ کے دن منظم طریقے سے ترنگا یاترا کے نام پرعلاقہ میں شرانگیزی پھیلانے کی کوشش کی گئی تھی۔ جس میں سرکاری مشنری کا ہاتھ صاف طور پر نظر آرہا تھا ۔یوگی نے یہ بھی کہا کہ آپ نے حال ہی میں ہولی منائی ہے، میں نے حکام سے کہا کہ ہولی سال میں ایک بار ہی آتی ہے۔ مسلم بھائیوں سے میں نے نماز جمعہ کا وقت تبدیل کرنے کی اپیل کی تھی ، واضح ہو کہ اس سلسلے میں مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے بقائے باہمی کے تحت تمام ائمہ مساجد و متولیان سے نماز جمعہ کا وقت ایک گھنٹہ بڑ ھانے کی اپیل کی تھی جس میں مولانا کلب جواد کا کردار بھی نمایاں تھا ۔